ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / چکمگلورو: دوسرے مرد سے ناجائز رشتے کا شاخسانہ۔ بیوی کے کٹے سر کے ساتھ شوہرپہنچا پولیس اسٹیشن 

چکمگلورو: دوسرے مرد سے ناجائز رشتے کا شاخسانہ۔ بیوی کے کٹے سر کے ساتھ شوہرپہنچا پولیس اسٹیشن 

Tue, 11 Sep 2018 19:36:47    S.O. News Service

چکمگلورو11؍ستمبر (ایس او نیوز) کسی دوسرے مرد کے ساتھ اپنی بیوی کے ناجائز جنسی رشتے سے پریشان شوہر نے مشتعل ہو کر پہلے بیوی کا سر تن سے جدا کردیا اور پھر کٹے ہوئے سر کے ساتھ 20کلو میٹر کی دوری پر واقع پولیس اسٹیشن میں پہنچ کر خود کو پولیس کے حوالے کیا۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق تریکیرے تعلقہ کے شیوانی نامی گاؤں میں ستیش نامی شخص نے اپنی بیوی روپا کا سر کاٹنے کی یہ خوفناک واردات انجام دی ہے۔کہتے ہیں کہ ستیش بنگلورو میں بہت عرصے تک ڈرائیور کے بطور کام کررہا تھا۔ پھر وہ اپنے گاؤں میں گوشت کی دکان چلانے لگا۔ روپا نامی خاتون کے ساتھ عشق ہوجانے کے بعد ان دونوں نے 9 سال قبل شادی کرلی تھی۔ان کے دو بچے بھی ہیں۔

اس دوران روپا نے کسی اور شخص کے ساتھ جنسی تعلقات پید اکرلیے۔ اس بات پر دونوں کے درمیان بار بار جھگڑا ہوتا رہا۔ بات پولیس اسٹیشن تک بھی پہنچی۔ خاندان کے بڑوں نے مداخلت کرتے ہوئے دونوں کے درمیان مفاہمت کی اور انہیں پیار ومحبت کے ساتھ رہنے کی تاکید کی۔ لیکن روپا نے اپنی عادت نہیں بدلی اور اپنے ناجائز تعلقات جاری رکھے۔ 

بتایا جاتا ہے کہ اتوار کی رات کو جب دکان بند کرکے ستیش گھر پہنچا تو اپنی بیوی کو عاشق کے ساتھ مشغول دیکھ کر وہ بے حد مشتعل ہوگیا۔ اس نے چاپر سے بیوی کے عاشق پر حملہ کرنے کی کوشش کی مگر وہ شخص اپنے آپ کو بچاکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ تب ستیش نے پلٹ کر بیوی کو پکڑلیا اور اس کا سر تن سے جداکرڈالا۔ پھرکٹے ہوئے سر کو ایک تھیلی میں رکھ کر اپنی موٹر بائک پر سوار ہو ااور گاؤں سے 20کلو میٹر کی دوری پر واقع اجمپورا پولیس اسٹیشن پہنچا۔ اورکٹا ہوا سر پولیس کے سامنے پیش کرتے ہوئے خود کو پولیس کے حوالے کیا۔

پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے اور کیس کی مزید تحقیقات جاری ہے۔


Share: